نومنتخب امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن کی صدر،وزیراعظم،آرمی چیف سے ملاقاتیں،خطہ کی صورتحال، پاک امریکہ تعلقات اور طویل المدتی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،قبائلی علاقوں میں جاسوس طیاروں کے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں ،آرمی چیف

جمعہ 9 جنوری 2009 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2009ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکہ کے نو منتخب نائب صدر جوزف بائیڈن نے صدر آصف زرداری،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سے ملاقاتیں کی ہیں۔امریکہ کے نومنتخب نائب صدر جوزف بائیڈن نے کہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ پاکستان کے استحکام اور نوزائیدہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اس کے ساتھ طویل، حقیقی اور وسیع البنیاد تعلقات پر یقین رکھتی ہے ۔

انہوں نے یہ بات صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی اور امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں خطہ کی صورتحال، پاک امریکہ تعلقات اور طویل المدتی تعلقات کی ضرورت کے علاوہ افغانستان اور خطہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صدر زرداری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی بڑھنے سے دہشت گردی کیخلاف جنگ متاثر ہوسکتی ہے ، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے ۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اپنا ٹھوس کردار ادا کرے ، پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وسیع البنیاد کثیرالجہتی پالیسی پر گامزن ہے ، اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے ، صدر نے واضح کیا کہ پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرنے کیلئے پرعزم ہے جوزف بائیڈن نے کہاکہ امریکہ پاکستان کی معاونت کرنے کے حوالہ سے مثبت سوچ رکھتا ہے ۔

صدر زرداری نے جوزف بائیڈن کو افغانستان کے کامیاب دورے کے بارے میں بھی بتایا جہاں دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام پر یقین رکھتا ہے ۔ اس سے پہلے صدر مملکت نے جوزف بائیڈن کو پاکستان کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان کا اعزاز بھی دیا۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ،امریکہ اور دیگر مغربی ممالک پاکستان کی مدد کریں۔

ادھر امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن نے پاکستان کو ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم یوسف یوسف رضا گیلانی سے امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن نے وزیر اعظم ہاوٴس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت دہگر اہم امور زیر غور آئے ۔اس موقع پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ، اور اس کے لئے پرعزم ہے ۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپیل کی کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے امریکہ اور مغرب پاکستان کی مدد کریں۔امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ امریکہ پاکستان کی اقتصادی اور فوجی امداد جاری رکھے گا۔بعد ازاں امریکہ کے نو منتخب صدر جوزف بائیڈن نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی ۔

جس میں پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں خطے کی سیکورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد اور قبائلی علاقوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف نے واضح کیا کہ افواج پاکستان کی تمام تر توجہ عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر مبزول ہے ۔ ان حالات میں بھارت کی طرف سے کشیدگی بڑھانے سے دہشت گردی کے خلاف کارروائی متاثر ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاسوس طیاروں کے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں تاکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز موثر طور پر کارروائی کرسکیں ۔