اسرائیل کاسلامتی کونسل کی قرارداد مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوجی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان ،صیہونی فوج فلسطینیوں کو شیلٹر میں اکٹھا کرکے بمباری کررہی ہے ،اقوام متحدہ،اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج جاری

جمعہ 9 جنوری 2009 16:49

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری۔2009ء) اسرائیل نے سلامتی کونسل کی قرارداد مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوجی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیاہے ۔ جبکہ اقوام متحدہ کا کہناہے کہ صیہونی فوج فلسطینیوں کو شیلٹر میں اکٹھا کرکے بمباری کررہی ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے بیان میں کہاکہ غزہ میں فوجی کارروائی بند کرنا ممکن نہیں اور موجودہ صورتحال میں سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے سربراہ نے بیان میں کہاکہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک سو آٹھ فوجیوں کو ایک شیلٹر میں اکٹھے کیا۔ اور ان پر اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کردی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے تین گھنٹوں کیلئے بمباری روکنے کے اعلان سے چند منٹ پہلے اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں کئی عمارتوں کو طیاروں اور توبوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔

جس کے نتیجے میں پانچ منزلہ عمارت تباہ اور متعدد منہدم ہوگئیں۔ جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ۔چودہ روز سے جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد آ ٹھ سو سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ جبکہ تین ہزار سے زائد زخمی ہیں۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی کارروائی کے خلاف پاکستان کے مخلتف شہروں سمیت دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے ۔ انڈونیشیا، اردن، عراق، ایران اور یورپی کے کئی ممالک میں مظاہرے کئے گے ۔ادھر سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل کرانے کے لئے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر آج مصر پہنچ رہے ہیں۔ وہ مصری حکام سے ملاقات کے بعد دیگر عرب ممالک بھی جائیں گے ۔