سلطان راہی کی تیرہویں برسی آج منائی جارہی ہے

جمعہ 9 جنوری 2009 14:46

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09جنوری2009)پنجابی فلموں کے ہر دلعزیز ہیرو سلطان راہی کی تیرھویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ سلطان راہی محروم اور محکوم طبقے کا ہیرو تھا۔ وہ جب پردہ سکرین پر ظالم کو اپنے مخصوص انداز میں للکارتا تو اس کے بے بس اور لاچار مداحوں کی کچلی ہوئی آرزووں کو تسکین مل جاتی تھی۔

(جاری ہے)

سلطان راہی نے اپنے فنی کیرئیر میں درجنوں مرکزی کردار ادا کئے ، اس کا نام ریکارڈ فلموں میں کام کرنے پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے ، سلطان راہی نے فنِ اداکاری کا جو اسلوب متعارف کرایا وہ بعد میں آنے والے اداکاروں کی مجبوری بن گیا۔

سلطان راہی نے اپنے وقت کے تمام اداکاروں کے مقابل پرفارم کیا لیکن مصطفٰی قریشی کے ساتھ اس کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ تیرہ سال پہلے آج ہی کے دن وہ سفاک قاتل کی گولی کا نشانہ بن گیا۔ جس کا دکھ اس کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمشیہ موجود رہے گا۔سلطان راہی عوامی امنگوں کا ترجمان اداکار تھا . اس کی موت سے فن اداکاری کا ایک درخشاں باب بند ہو گیا ۔