حکومت اسرائیل کی غزہ پر جاری بمباری اور دہشتگردی کو او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائے ‘میاں نوازشریف ۔۔۔18فروری کے بعد عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ‘پرویز مشرف کے تمام غیر آئینی اقدامات کا خاتمہ ضروری ہے ‘رہنماؤں سے گفتگو

جمعہ 9 جنوری 2009 14:25

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09جنوری2009 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اسرائیل کی طرف سے غزہ پر جاری بمباری اور دہشتگردی کو او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائے ‘12جنوری کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی میں کارکن اور عوام بھرپور شرکت کرے ‘9مارچ کو وکلاء کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرکے قوم ثابت کر دے گی کہ پرویز مشرف کے اقدامات غیر آئینی تھے اور ججز کو بحال کیا جائے ‘پرویز مشرف کا دور آمریت پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا اس کے تمام غیر آئینی اقدامات کا خاتمہ کئے بغیر جمہوریت کو مضبوط نہیں کیا جا سکتا‘18فروری کے بعد عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔

گیس اور بجلی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ‘مہنگائی اور بیروز گاری میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے غریب آدمی چکی میں پس رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز رائے ونڈ جاتی عمرہ میں سندھ اور مختلف علاقوں سے آنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ 18فروری کو پاکستانی عوام نے ملک میں تبدیلی کیلئے جمہوری قوتوں کو ووٹ دیئے تھے لیکن ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس کی وجہ سے عوام مایوس ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روز گاری کا خاتمہ بھی ممکن نہیں ہو سکا اور آج تک بجلی کے بحران کا مسئلہ بھی حل نہیں ہوا جس سے نہ صرف ملک کی معیشت کو نقصان ہو رہا ہے بلکہ عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر جسٹس افتخار محمد چوہدری چیف جسٹس آف پاکستان ہوتے تو ملک میں یہ تمام بحران پیدا کرنے والے ضرور انصاف کے کٹہرے میں آتے ۔

مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل کے حل اور ملک میں آئین قانون کی حکمرانی اور انصاف کیلئے ہی معزول ججز کی بحالی کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سترویں ترامیم اور 58ٹو بی سمیت پرویز مشر ف کے تمام غیر آئینی اقدامات کا خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک ملک میں جمہوریت کو مضبوط نہیں کیا جا سکتا اور آج پاکستان کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان کا حل صرف اسی صورت ممکن ہے کہ پرویز مشرف کی پالیسیوں اور انکے اقدامات کا خاتمہ کیا جائے ۔

انہوں نے تمام عہدیداران اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ 12جنوری کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکالی جانیوالی احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کیا جائے ۔ میاں نوازشریف نے پاکستانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ خاموش رہنے کی بجائے غزہ پر ہونے والی اسرائیلی دہشتگردی کے معاملے کو او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائے ۔