بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں سے متعلق فراہم کردہ معلوماتی مواد کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ،دفتر خارجہ ، پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی جانب سے پراپیگنڈہ مہم قابل افسوس ہے ، ترجمان

بدھ 7 جنوری 2009 20:04

اسلام ا ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2009ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں سے متعلق فراہم کردہ معلوماتی مواد کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ، اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے کہا کہ پاکستان سانحہ ممبئی کے حوالے سے مکمل حقائق سامنے والے کیلئے خلوص نیت سے تحقیقات کررہاہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی جانب سے پراپیگنڈہ مہم قابل افسوس ہے ، الزام تراشی اور سیاسی نمبر بنانے کا عمل نقصاندہ اور ناقابل قبول ہے ، ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی جنوبی ایشیاء کیلئے ایک گھمبیر مسئلہ ہے ، ممبئی واقعات کے حوالے سے متعلقہ تفتیشی اداروں کے درمیان تعاون ، دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل وقت کی ضرورت ہے ، تاکہ پاکستان بھارت یا کہیں اور اس طرح کے کسی بھی واقعہ کو روکا جاسکے ۔