مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو اکھٹا کرنے کے لیے کسی بھی جگہ جانے کوتیار ہیں ،چوہدری شجاعت

بدھ 7 جنوری 2009 17:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2009ء)مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفاد میں مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو اکھٹا کرنے کے لیے کسی بھی موقع اور جگہ پر جانے اور بیٹھنے کو تیار ہیں۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر بزرگ صحافی مجید نظامی سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت بات نون ، ب ، یا ق کی نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی ہے ۔

جس کے لیے سب کو اپنا رویہ ، زبان ، خیالات ، عمل اور سوچ تبدیل کرنا ہوگی، اس کے بعد ہی مسلم لیگ کو اکھٹا کرنے کی بات ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پپپلز پارٹی نے ماضی سے سبق حاصل کرکے انتقامی سیاست کو خیر آباد کہہ دیا ہے لیکن پنجاب میں شہباز شریف نے انتقامی سیاست کی انتہا کردی ہے ۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھاکہ بھارت نے جو ثبوت پاکستان کے حوالے کیے ہیں وہ کسی فلم کی اسٹوری لگتے ہیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدر پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جب تک اپنا رویہ ٹھیک نہیں کرے گی اس وقت تک ان سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی موقع پر ن لیگ کے ساتھ مفاہمت کی بات ہوئی تو اپنا علیحدہ تشخص قائم رکھیں گے ۔