پانی کی کمی،تربیلاڈیم کاپاور ہاؤس چار گھنٹے بند،31 جنوری کے بعد پانی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی وزیرپانی وبجلی

بدھ 7 جنوری 2009 17:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جنوری۔2009ء) پانی کی کمی کے باعث تربیلا ڈیم کا پاور ہاوٴس چار گھنٹے مکمل طورپر بند رہاجبکہ وزیر بجلی و پانی نے کہا ہے کہ 31 جنوری کے بعد پانی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق پانی کی قلت کے باعث تربیلا ڈیم کے 16 سے 12 پیداواری یونٹ بند ہیں۔ تین جنوری تک ڈیم سے آٹھ ہزار کیوسک پانی کی اخراج ہورہا تھا جبکہ بھل صفائی کی وجہ سے پانی کے اخراج میں مزید کمی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

پانی کی کمی کے باعث منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک بجے سے صبح پانچ بجے تک تربیلا ڈیم کاپاور ہاوٴس مکمل طوپر بند رہا اور اس دوران بجلی پیدا نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 31 جنوری تک پانی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی جس سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ راجہ اشرف نے کہا کہ پندرہ دسمبر سے یکم جنوری تک بھل صفائی کی وجہ سے نہریں بند کی گئیں جس سے بجلی کی پیدوار میں کمی ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :