مصر نے غزہ کی سرحدی سیکورٹی پر بات چیت کیلئے اسرائیل کو دعوت دے دی

بدھ 7 جنوری 2009 14:32

قاہرہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07جنوری2009 ) مصر کے صدر حسنی مبارک نے مصر اور غزہ کی سرحدی سیکورٹی پر بات چیت کے لئے اسرائیلی حکومت کو دعوت دے دی جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے سیز فائر کی پیشکش کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق مصر کے صدر حسنی مبارک نے ساحلی علاقے شرم الشیخ میں فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اسرائیل کو مصر غزہ سرحدی سیکورٹی پر بات چیت کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان سیز فائر کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے مصری صدر کی پیشکش پر اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے مصری صدر کے جنگ بندی کے مطالبے کو سراہا ہے ۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جنگ بندی کے مصری مطالبے کو بہت سنجیدگی سے دیکھتا ہے ۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون غزہ کی صورتحال کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لئے اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :