غزہ ،اسرائیلی حملوں میں مزید 86 فلسطینی شہید

بدھ 7 جنوری 2009 12:43

غزہ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07جنوری2009 ) غزہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی اور فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت مزید چھیاسی افراد شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد اسرائیلی فوج کی گیارہ روز کی کارروائی میں شہید ہونے والوں کی تعداد ساڑھے چھ سو سے تجاوز کرگئی ہے ادھر وینزویلا نے اسرائیلی سفیر اور سفارت خانے کے تمام عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ میں واقع الفالوج اسکول کی عمارت پربمباری کی جس میں تینتالیس افراد شہید ہوگئے،ان میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ اسکول میں سیکڑوں افراد اسرائیلی جارحیت سے بچنے کے لئے پناہ لئے ہوئے تھے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اسکول پر بمباری سے بے گناہ فلسطینیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہا ر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ ادھر وینزویلا نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے ملک سے اسرائیلی سفیر اور تمام عملے کو فوری نکلنے کا حکم دے دیا ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں ایک مکان پر بم برسائے جس سے سات بچوں سمیت بارہ افراد شہید ہوگئےاس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں تیس فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ۔ گیارہ روز سے جاری کارروائی میں چھ سو ساٹھ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں دو سو پندرہ بچے اور اٹھانوے خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :