کشمیریوں کی بڑی تعداد نے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیا، عمر عبد اللہ

پیر 5 جنوری 2009 12:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔05جنوری 2009 ء)مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ عام انتخابات میں بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے حصہ لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عمر عبد اللہ نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اِس بات سے یہ اخذ کرنا مشکل نہیں کہ لوگ امن چاہتے ہیں اور اْن کی یہ بھی خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انتخابات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالے ہیں حالانکہ بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے والی جماعتوں نے اْن سے یہ کہہ کر بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی کہ یہ کشمیریوں کے استصوابِ رائے کے مطالبے کا نعم البدل نہیں ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس چونکہ انتخابات میں از خود مطلوبہ تعداد میں نشستیں حاصل نہیں کر سکی ہے اِس لیے عمر عبد اللہ کانگریس پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت تشکیل دے رہے ہیں۔کانگریس نے نئے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے سرکردہ گْجْر رہنما، چودھری محمد اسلم کا انتخاب کیا ہے۔بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے گورنر نے عمر عبد اللہ کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے باضابطہ دعوت دے دی ہے۔