امریکی معاون وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر کل پاکستان آئیں گے

اتوار 4 جنوری 2009 17:53

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04جنوری2009) امریکا کے معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیاء رچرڈ باؤچر کل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ رچرڈ باؤچر کے دورہ پاکستان کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لئے امریکی کوششیں جاری رکھنا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق رچرڈ باؤچر پاکستانی حکام سے دہشت گردی کے خلاف جنگ خیبر ایجنسی میں حالیہ آپریشن اور نیٹو کے لئے سپلائی روٹ کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فرید کوٹ میں اجمل قصاب کی عدم موجودگی کے بارے میں ایف بی آئی کی رپورٹ پر بھی بات کی جائے گی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ رچرڈ باؤچر پیر کو ان سے ملاقات کریں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ باؤچر کا دورہ معمول کے سفارتی مشاورت کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ باؤچر نئی دہلی کا بھی دورہ کریں گے۔

جبکہ بھارتی وزیر داخلہ آئندہ ہفتے امریکا جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی چدم برم دورہ واشنگٹن کے دوران اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ جس میں ممبئی حملوں میں پاکستان کے غیر ریاستی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد فراہم کئے جائیں گے۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے نامعلوم بھارتی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اجمل قصاب کا اعترافی بیان، ممبئی حملوں میں ملوث دس دہشت گردوں کی تصاویر اور شناخت نامے، ٹیلی فون نمبرز، جی پی آر ایس ڈیٹا اور ریکارڈڈ کالز شواہد کے طور پر پیش کی جائیں گی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی کی بندرگاہ پر لنگر انداز جہاز سے ملنے والی لاگ بک، سٹیلائٹ فون کالز کا ریکارڈ اور بات چیت کا ٹرانسکرپٹ بھی مزید شواہد میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :