مسلم لیگ ن اپنے رویہ پرنظرثانی کرے،چھوٹی سے بھول سے بڑاخمیازہ بھگتنا نہ پڑے،پارلیمانی سیکرٹری عظیم دولتانہ

اتوار 4 جنوری 2009 15:50

وہاڑی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04جنوری2009 ) پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اطلاعات عظیم خان دولتانہ نے کہا ہے کہ آج ملک جن حالات سے گزررہا ہے اس کاتقاضہ ہے کہ ہرقسم کی اختلافات بھلاکر پوری قوم اتحاد ویگانگت کامظاہرہ کرے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو اپنے رویہ پرنظرثانی کرنی چاہیے آج کی چھوٹی سی بھول کا خمیازہ پوری قوم کو نقصان کی صورت میں نہ بھگتنا پڑے فلسطین پراسرائیل کا حملہ پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے اسلام آباد سے ٹیلی فون پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کاتقاضا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ہر قسم کے اختلافات بھلا کر اتحاد ویگانگت کامظاہرہ کرے کیونکہ بیرونی طورپر ملک شدید دباؤ کاشکار ہے اور ہمارا پڑوسی ملک جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے ہمیں تنہا کرنے کی کوشش کررہا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اپنے رویہ پرنظر ثانی کرے اور بلاجواز غیر ضروری بحثوں میں الجھ کر حکومت اور ملک کیلئے مشکلات کھڑے نہ کرے خدانخواستہ آج کوئی بھول ہوگئی تو اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلسطین پراسرائیلی حملہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اسرائیلی حملہ پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے انہوں نے مزید کہاکہ محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنا ہرشہری کی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی ملک دشمن اس موقعہ سے فائدہ نہ اٹھاسکے۔

متعلقہ عنوان :