عوامی مظاہروں کے ذمہ دار حکومت کے مخالفین نہیں اس کی اپنی ناکامی اورنااہلی ہے ۔ احسن اقبال۔۔سیاستدانوں کواحتساب کے ادارے سے باہر نکالنا میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی ہے ، بیان

اتوار 4 جنوری 2009 15:50

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04جنوری2009 ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوامی مظاہروں کے ذمہ دارحکومت کے مخالفین نہیں بلکہ اس کی اپنی ناکامی اور نااہلی ہے ۔گزشتہ دس ماہ کے دوران توانائی کے بحران کوحل کرنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ موجودہ لوڈ شیڈنگ کی وجوہات ہیں پہلی وجہ گزشتہ آٹھ سالوں میں بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے نہ لگنا جبکہ دوسری وجہ گزشتہ دس ماہ کے دوران بجلی پیداکرنے والی کمپنیوں اور تیل کی کمپنیوں کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے مسئلے کوحل نہ کرنا ہے جس کی وجہ سے ملک کودرپیش موجودہ چار ہزار میگاواٹ کی کمی میں2500میگاواٹ فرنس آئل کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہے اگر حکومت وقت پرفرنس آئل کی فراہمی کیلئے پیشہ فراہم کردیتی تو لوڈشیڈنگ اس انتہا کو کبھی نہ جاتی اب بھی پچیس سو میگاواٹ تھرمل پاورجوبند پڑی ہے اسے چلانے کیلئے اگرفرنس آئل فراہم کردیا جائے تو اڑتالیس گھنٹوں میں دوتہائی لوڈ شیڈنگ ختم ہو سکتی ہے لہذا حکومت کا یہ کہنا کہ عوام مظاہروں کے پیچھے اپوزیشن کا ہاتھ ہے حقائق کو مروڑنے کے مترادف ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر کی انڈسٹری تباہ ہوچکی ہے ہزاروں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں اور معیشت کا پہیہ جام ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے اس نے عوامی مسائل اور جمہوری ایجنڈے پر عمل کرنے کی بجائے اپنی تمام تر توجہ اقتدار پرگرفت مضبوط کرنے اورپی سی او عدلیہ کے دفاع پر مرکوز کررکھی ہے جس کی وجہ سے اصل مسائل بدستور حل طلب ہیں اور بگڑتے جارہے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام ترتوجہ اس ایجنڈے کی طرف سے واپس لائے جس کیلئے اٹھارہ فروری کوووٹ دیئے تھے۔

احسن اقبال نے حکومت کے اس فیصلے کی شدیدمذمت کی جس کی وجہ سے سیاستدانوں کو احتساب کے ا دارے کے دائر کار سے نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی ہے میثاق جمہوریت میں یہ طے پایا تھا کہ قومی سطح پر شفاف احتساب کیلئے ادارہ قائم کیاجائے گا جس کے سامنے تمام طبقوں کے ا فراد جوابدہ ہوں گے لہذا حتسابی نظام سے استثنیٰ جمہوریت کے اصولوں اور قانون کی حکمران کے تصور کی خلاف ورزی ہے مسلم لیگ(ن) میثاق جمہوریت پر کاربند ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ میثاق جمہوریت کے مطابق ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے شفاف قومی ادارہ قائم کیا جائے جس کے سامنے تمام افراداور طبقے جوابدہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح میثاق جمہوریت میں عدلیہ کی تقرریوں کا طریقہ کار موجود ہے جس کی روشنی میں نئی تقرریاں کی جانی چاہیے لیکن حکومت اس معاملے میں بھی میثاق جمہوریت پرعملدرآمد کرنے سے گریزاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں گورننس کا بحران ہے اسے ٹھیک کرنے کیلئے حکومت کو کوشش کرنی چاہیے حکومت نے روٹی  کپڑا اور مکان کاوعدہ کیا تھا بلکہ بجلی  گیس اور پٹرول عوام سے چھین لیا ہے لہذا لوگوں کو جو روٹی کپڑا مکان جو پہلے سے دستیاب تھا وہ بھی چھنتا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :