وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی صوبائی اور ضلعی سطح پر یکم جولائی سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو فعال بنانے کی ہدایت

ہفتہ 3 جنوری 2009 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے یکم جولائی سے صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے وزیر اعظم ہاؤس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دوسرے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں اور املاک کے زیادہ سے زیادہ تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے صوبوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے صوبائی اور ضلعی سطح پر ادارہ جاتی انتظامات فوری طور پر کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس نے قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈز کے لئے مالی وسائل مختص کرنے کے ساتھ ون ونڈو آپریشن بہتر بنانے کی بھی منظوری دی۔ بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی کو جرم قرار دینے کے لئے قانون سازی کے حوالے سے وزیراعظم نے وزارت ہاوٴسنگ و تعمیرات اور وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ مجوزہ بل کو پارلیمنٹ بھجوانے سے پہلے اس میں متعلقہ شقیں شامل کی جائیں۔ اجلاس نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ کی اصولی منظوری دی جسے حتمی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کوبھجوایا جائے گا۔ اجلاس نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ دوہزار نو۔دس کے لئے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی