مسلم لیگ (ن) نے گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور تیل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف ریکوزیشن جمع کرادی

ہفتہ 3 جنوری 2009 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت تیل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور اسرائیل کی غزہ میں جاری جارحیت کے امور پر بحث کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرا دی ہے یہ ریکوزیشن ہفتہ کو قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں آئین کے آرٹیکل 51(3) کے تحت جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام اور صنعتوں کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 147 سے 40 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں لیکن مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی نہیں کی جا رہی۔ حکومت افراط زر میں کمی میں ناکام ہو چکی ہے۔ ریکوزیشن میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں پر اسرائیلی جارحیت پر بحث کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔