میثاق جمہوریت کے ساتھ پر عزم ہیں ، احتساب قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، صدر کی وزیر قانون سے بات چیت

ہفتہ 3 جنوری 2009 18:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت کے ساتھ پرعزم ہے اور اس کے مطابق احتساب قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی تاکہ اس ادارے کو مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جا سکے۔ احتساب قانون میں کابینہ ضروری ترامیم تجویز کرے۔ وہ ہفتہ کو یہاں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

وزیر قانون نے صدر کو نیب قانون میں مجوزہ ترامیم کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ نیب آرڈیننس کو 17 ویں ترمیم کے تحت آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کیا گیا ہے جس میں ترمیم کیلئے صدر کی منظوری ضروری ہے۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ مجوزہ ترامیم پر کابینہ میں بحث کی جائے اور انہیں حتمی شکل دے کر ایوان صدر بھیجا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت کے ساتھ پر عزم ہے جس میں کہا گیا تھا کہ احتساب قانون میں ترمیم کی جائے گی تاکہ اسے مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جا سکے۔

میثاق جمہوریت میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ نیب کا ادارہ ختم کر کے ایک خود مختار احتساب کمیشن قائم کیا جائے گا جس کی چیئرمین کی تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر کریں گے۔ ملاقات میں اٹارنی جنرل سردار محمد لطیف کھوسہ وزیراطلاعات شیری رحمان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :