صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ‘ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے دفاتر کی حفاظت کیلئے سیکورٹی مانگ لی‘فیصل آباد میں ہزاروں مظاہرین نے واپڈا کے دفتر ‘ ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو آگ لگادی ‘بینک میں گھس کر توڑ پھوڑ ‘لکشمی چوک میں سینکڑوں مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر دی ‘ دیگر مقامات پر بھی مظاہرے

ہفتہ 3 جنوری 2009 17:13

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر بجلی اور گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ‘فیصل آباد میں ہزاروں مظاہرین نے واپڈا کے دفتر ‘ ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو آگ لگادی اور ایک بینک میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جبکہ صوبائی دارالحکومت میں سینکڑو ں مظاہرین نے لکشمی چوک میں ٹائروں کو آگ لگا کر اور ٹریفک بلا ک کر کے احتجاج کیا ‘ مظاہرین حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اورلوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے رہے ‘ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے اپنے دفاتر کی حفاظت کیلئے سیکورٹی مانگ لی ۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری بجلی اور گیس کی بد ترین لو ڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت میں لکشمی چوک میں سینکڑوں مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کر حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں شامل پرنٹنگ سے وابستہ ورکروں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے انکا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اور کام نہ ہونیکی وجہ سے انہیں تنخواہیں نہیں ملیں جس سے انکے گھر وں کے چولہے تک ٹھنڈے ہو گئے ہیں ‘مظاہرے میں عام شہروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی طرف سے مظاہرین سے مذاکرات کئے گئے جسکے بعد تمام مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ‘ صوبائی دارالحکومت میں باجا لائن‘ کوٹ لکھپت ‘ کاہنہ‘ گڑھی سمیت سمیت دیگر کئی مقامات پر شہریوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔فیصل آباد سے نمائندے کے مطابق کئی علاقوں میں ہزاروں شہریوں او رمحنت کشوں کی جانب سے زبردست مظاہرے کئے گئے ۔

ملت روڈ ‘ شیخوپورہ روڈ‘ سرگودھا روڈ اورگلستان کالونی میں مشتعل مظاہرین او رپولیس کے درمیان پتھراؤ بھی ہوا جبکہ گلستان کالونی میں مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے دفتر سے ریکارڈ باہر پھینک دیا اور دفتر کو آ گ لگا دی ۔ مظاہرین نے ملت روڈ پر کھڑی ایک گاڑی اورموٹر سائیکل کو بھی نذر آتش کر دیا ۔ سرگودھا روڈ پر مشتعل مظاہرین نے ایک بینک میں گھس کر زبردست توڑ پھوڑ کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے توڑ پھوڑ کے الزام میں کئی گرفتاریاں بھی کی ہیں ۔ فیصل آباد کے علاوہ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد‘ پتوکی‘ قصور‘ کھڈیاں کھاص ‘ چناب کے مختلف علاقوں میں بھی احتجا ج کیا گیا ۔مزید بتایا گیا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے فیصل آباد میں ہونیوالے پر تشدد احتجاج کے بعد حکومت سے اپنے دفاتر کے لئے سیکورٹی مانگ لی ہے جبکہ واپڈا دفاتر کے دروازے بند کر کے وہاں سیکورٹی کے اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے ۔