ایرانی صدر کے خصوصی نمائندے کی صدرزرداری سے ملاقات ،احمدی نژاد کا خصوصی پیغام پہنچایا۔دہشت گردی کے خلاف خطے کے ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی ۔ صدر زرداری ،پیغام فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بھیجا گیا ہے ،ایرانی سفارت خانے کا بیان

ہفتہ 3 جنوری 2009 14:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے کے لئے ایران اور چین سمیت خطے کے ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایران کے خصوصی ایلچی اور وزیر پیٹرولیم غلام حسین نوزاری سے ملاقات میں کیا۔ صدرزرداری نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ مشترکہ کوششوں سے کیا جاسکتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹرکی کھلم کھلی خلاف ورزی ہیں۔اس موقع پر ایران کے خصوصی ایلچی نے کہا کہ اسرائیل کے غذہ پر حالیہ حملے اور ناکہ بندی سے خطے میں امن اور استحکام کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا خواہش مند ہے ۔

(جاری ہے)

ایرانی ایلچی نے صدر محمود احمدی نژاد کا خصوصی پیغام صدر مملکت کو پہنچایا۔ایران کے خصوصی ایلچی نے صدر زرداری کو ایران کے دورے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔ جبکہ اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق یہ پیغام اسرائیل کی غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری جارحیت کے حوالے سے بھیجا گیا ہے ۔اسرائیل گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کرچکا ہے۔

ایران سمجھتا ہے کہ اسلامی کانفرنس کی تنظیم او آئی سی اور پوری اسلامی دنیا کو یک زبان ہو کر فلسطینیوں کے حق میں آوازبلند کرنی چاہیے اوراس جارحیت کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپنا کردارا دا کرنا چاہیے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ خامینی نے بھی اسرائیل کے خلاف عالم اسلام کے اتحاد پر زوردیا تھا۔