غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرائی جائے ، اوآئی سی کا مطالبہ ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان سمیت مختلف ممالک میں احتجاج جاری

ہفتہ 3 جنوری 2009 14:34

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری۔2008ء) اسلامی تنظیم کانفرنس نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل ممکن بنایا جائے ۔ جبکہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج جاری ہے ۔ اسلامی تنظیم کانفرنس کا اہم اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوا۔ جس میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرانے کیلئے لائحة عمل پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلامی تنظیم کانفرنس کے وزراء خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے ۔ اور فلسطینیوں کی معاشی ناکہ بندی ختم کردے ۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دوسرا اجلاس پیر کو نیویارک میں ہوگا۔ جس میں لیبیا کی جانب سے غزہ کی صورتحال پر پیش کردہ قرارداد پر رائے شماری ہوگی۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف پاکستان کے مخلتف شہروں، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں صیہونی جارحیت کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔ ادھر فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموشی پر میکسیکوکے باغی رہنما زیپا تستا نے نو منتخب امریکی صدر براک اوباما کو تنقید کا نشانہ بنایا۔