ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کے لیے الگ الگ کپتان ہونے چاہئیں،عبدالقادر

ہفتہ 3 جنوری 2009 12:24

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔03جنوری 2009 ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سیلیکٹرعبد القادر نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میچز کے لیے علیحدہ علیحدہ کپتان مقرر کرنے کے حق میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شعیب ملک کو طویل مدت کے لیے کپتان مقرر کرنے کی بجائے اْنھیں سیریز کی بنیاد پر کپتان مقرر کیا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

اْنھوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ بورڈ نے کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، ’لیکن میرے تحفظات ضرور ہیں کہ اگر سیریز ٹو سیریز کپتان بنایا جائے تو بہتر ہوگا۔

اِس خیال کو ضرور زیرِ غور لانا چاہیئے۔عبدالقادر کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ کپتان کی تقرری طویل مدت کے لیے ہونی چاہیئے۔شیعب ملک نے کہا کہ کپتان کا فیصلہ پی سی بی کا معاملہ ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں اور یہ کہ حال ہی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بھی وہ کپتان تھے۔