سینٹ کی سپورٹس کمیٹی نے سابق صدر مشرف کے ہیلی کاپٹروں کی لینڈنگ کے دوران آسٹرٹرف کو پہنچنے والے نقصان کا نوٹس لے لیا،سپورٹس کمیٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء سے اس بارے میں رپورٹ طلب کر لی گی، مشرف کے دورہ ہیلی کاپٹرز آسٹرو ٹرف پر اتارے جانے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ،ظفراقبال

ہفتہ 3 جنوری 2009 12:17

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔03جنوری 2009 ء) سینٹ کی سپورٹس کمیٹی نے سابق صدرمملکت پرویز مشرف کے ہیلی کاپٹروں کی نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور اور ہاکی کلب آف پاکستان کراچی میں لینڈنگ کے دوران سٹیڈیمز میں لگائی گئی آسٹرٹرف کو پہنچنے والے نقصان کا نوٹس لے لیا جبکہ سینٹ کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ظفر اقبال چوہدری نے چیمبر آف کامرس لاہور میں این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دورہ لاہور اور کراچی کے دوران زیادہ تر ان کے ہیلی کاپٹرز دونوں سٹیڈیمز کی آسٹرو ٹرف پر اتارے جاتے تھے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی لاگت سے بنی ہوئی نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی اور کراچی کلب آف پاکستان کی آسٹرو ٹرف کو نقصان پہنچا ہے۔

سپورٹس کمیٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء سے اس بارے میں رپورٹ طلب کرے گی جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ اسطرح کی صورتحال نہ پیش آئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے جب سے ہاکی فیڈریشن کی صدارت سنبھالی ہے اسوقت سے پاکستان کی ہاکی میں جان پڑ گئی ہے اور سپورٹس کمیٹی ہاکی کی ترقی کے لئے قاسم ضیاء سے مکمل تعاون کرے گی اس کے لئے میں خود قاسم ضیاء کے ساتھ صدرر مملکت آصف علی زرداری کے پاس جانے کے لئے بھی تیار ہوں ۔

انھوں نے کہا کہ ملک کے بنکس بھی ہاکی کی ترقی کے لئے اپنی ٹیمیں بناکر ہاکی کے کھیل کو فروغ دے سکتے ہیں دریں اثناء جب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور اور ہاکی کلب آف پاکستان کی آسٹرو ٹرف کو سابق صدر مملکت کے ہیلی کاپٹروں کی لینڈنگ کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ہے کراچی کی آسٹرو ٹرف تو کافی رقم کی لاگت سے ٹھیک کروالی گئی ہے جبکہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی آسٹرو ٹرف جو کہ2004 میں بنائی گئی تھی وہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ٹورنامنٹس کے قابل نہیں رہی ہے اگر انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ہوتے ہیں تو ایف ایٴ ایچ کے ماہرین لاہور کی آسٹرو ٹرف کو تبدیل کرنے کے لئے کہیں گے آسٹرو ٹرف شرنک ہوگئی ہے اور اس کی لائینیں آؤٹ ہوگئی ہیں ٹرف میں پیچ لگے ہوئے ہیں یہ آسٹرو ٹرف اب صرف دومیسٹک ٹورنامنٹس کے لئے استعمال ہو سکتی ہے یا پھر اگر غیر ملکی ٹیمیں اعتراض نہ کرے تو یہاں پر سیریزہاکی سیریز منعقد کی جاسکتی ہیں لیکن ایف آئی ایچ کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس یہاں نہیں ہوسکتے آصف باجوہ نے کہا کہ سابق صدر مملکت کے ہیلی کاپٹرزقزافی سٹیڈیم یا ایل ڈی اے کے سٹیدیمز جہاں پر گھاس ہے وہاں بھی اتارے جا سکتے تھے انھوں نے کہاکہ نئی آسٹرو ٹرف پر پانچ کروڑ روپے لاگت آتی ہے میری حکومت سے اپیل ہے کہ آئندہ ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کے لئے ہاکی سٹیڈمیز نہ استعمال کئے جائیں اور قومی اثاثوں کو تباہی سے بچایا جائے ۔

انھوں نے کہا کہ انھوں نے اس بارے میں رپورٹ سیکرٹری سپورٹس پنجاب راؤ افتخار کو بھی دیدی ہے سیکرٹری سپورٹس پنجاب راؤ افتخار سے جب این این آئی نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو حسب معمول وہ دفتر میں موجود نہ تھے اور نہ ہی دفتر سے ان کا موبائل فون نمبر مل سکا جبکہ سابق سیکرٹری سپورٹس پنجاب منور عباس ہر وقت اپنے دفتر میں موجود ہوتے تھے اور منور عباس کی کوششوں کی وجہ سے ہی نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی عمارت کے کچھ حصے پر دس سال سے بغیر کرائے کے قابض ایف ڈبلیو او کے حکام بھی عمارت کا کچھ حصہ خالی کرنے اور باقی کا کرایہ دینے پر تیار ہوئے ہیں منور عباس کے کہنے پر چیف سیکرٹری پنجاب نے سیکرٹری دفاع کو خط لکھا تھا کہ ایف ڈبلیو او کے حکام سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی بلڈنگ خالی کروائی جائے ۔