سینٹ،فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف قراردادمنظور

جمعہ 2 جنوری 2009 16:03

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02جنوری2009) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی اورفلسطین میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

چیئرمین مشاہد حسین سید کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت پاکستان کواس حوالے سے او آئی سی کا سربراہ اجلاس طلب کر کے اس میں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ اٹھائے۔

قرارداد میں دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے والی قوتوں کی طرف سے اسرائیل اوربھارت کے مظالم پر خاموشی کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ سلامتی کونسل کو فوری طور پرمشرق وسطی میں جنگ بندی کے لئے قرارداد منظورکرنی چائیے۔ حکومت پاکستان سے یہ بھی کہا گیا کہ امدادی سامان کے ہمراہ ایک پارلیمانی وفد فلسطین بھیجا جائے۔قرارداد میں مصر اور غزہ کے رفا بارڈر کے کھولنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ فلسطینی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :