عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعرب امن منصوبہ کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے، پاکستان

جمعرات 1 جنوری 2009 22:08

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01جنوری2009 ) پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعرب امن منصوبہ کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے صحافیوں کے سوالوں کے ای میل جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے ۔

غزہ کی صورتحال پر غور کیلئے او آئی سی کا وزارتی اجلاس 3 جنوری کو سعودی عرب میں منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تشدد تنازعات کو ہوا دیتا ہے غزہ کی موجودہ صورتحال خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بن سکتی ہے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے کی جانے والی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں ، عرب امن منصوبہ اور دوسری عالمی کوششوں کی روشنی میں اقدامات اٹھائے۔