صدرنے پٹرول اورگیس کے بحرانوں کا نوٹس لے لیا،بہتری کی ہدایت۔متعلقہ وزراء کا اجلاس کل طلب کرلیاگیا

جمعرات 1 جنوری 2009 15:07

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01جنوری2009 ) صدرآصف علی زرداری نے ملک میں گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزرات کا اجلاس جمعہ کوایوان صدر میں طلب کرلیا جس میں صدر کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی میڈیااطلاعات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ملک بھرمیں پٹرولیم مصنوعات کی قلت اورگیس کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بحران پر قابو پانے اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ قیمتوں پر وافر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں اس مقصد کیلئے ایوان صدرمیںجمعہ کواعلی سطحی اجلاس ہوگا جس میں متعلقہ وزراء اورحکام صدرکو تازہ ترین صورتحال اوراس بحران کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے واضح رہے کہ ملک بھر سے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث پٹرول پمپوں پرگاڑیوں کی لمبی لائنیں نظرآتی ہیں جبکہ دوسری جانب گیس کے دباؤ میں بھی خاطر خواہ کمی کے باعث بڑی تعداد میں سی این جی سٹیشنوں پر بھی عوام کو مشکلات کاسامنا ہے حتیٰ کہ لاہور میں صنعت کاروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اورتین روز میں لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری نہ کیا گیا تو تمام تر صنعتیں بندکردی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :