سال 2008ء خودکشیوں اور خود کش دھماکوں کا سال تھا‘ایدھی فاؤنڈیشن

جمعرات 1 جنوری 2009 12:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔01جنوری 2009 ء) عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2008ء گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں خود کشیوں اور خود کش دھماکوں کا سال رہا اور 2007ء میں ہونے والی خود کشیوں کے مقابلے میں پچاس فیصد اضافہ ہوا- ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق شہروں اور دیہاتوں میں خود کشیوں کا رحجان بڑھ رہا ہے اور بڑی تعداد ایسی بھی ہے جسے پولیس میں رپورٹ کئے بغیر دفن کر دیا جاتا ہے گزشتہ سال صرف کراچی میں 380 اور اندرون سندھ 377 خودکشیاں ہوئی ہیں جبکہ ملک کے دیگر شہروں کی مجموعی تعداد 2568 رہی-خود کش دھماکے ان کے علاوہ ہیں ایدھی فاؤنڈیشن نے کوئٹہ زیارت زلزلہ کے علاوہ سوات باجوڑ اور صوبہ سرحد میں فلاحی خدمات انجام دیتے ہوئے لاکھوں متاثرین تک ٹرکوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے لحاف‘بستر‘کمبل‘خشک راشن اور فری لنگر جاری رکھے اور بنوں کوہاٹ ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں مزید چودہ ایدھی ایمرجنسی پوسٹیں اور نئے ایدھی ویلفیئر سنٹر قائم کئے گئے 321 ایدھی مراکز کی 1300 ایمبولینسوں کے ذریعے پچیس لاکھ بارہ ہزار پانچ مریضوں اور میتوں کو ہسپتالوں اور گھروں تک پہنچایا گیا-51بم دھماکوں میں خدمات ان کے علاوہ تھیں ایدھی ہومز میں ہزاروں لاوارثوں کو پناہ خوراک اور علاج کی سہولتیں دی گئیں اور ورثاء کے حوالے کیا گیا ایدھی جھولوں کے تحت ملنے والے ایک ہزار سے زائد نومولود بچے گود لیے گئے-