نئے سال کا آغاز،اسرائیلی بمباری مزید 3فلسطینی جاں بحق،سلامتی کونسل میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کی قرارداد امریکہ نے مسترد کر دی

جمعرات 1 جنوری 2009 12:32

غزہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔01جنوری 2009 ء) مظلوم فلسطینیوں کے لئے نئے سال کے پہلے دن کا آغاز بھی اسرائیلی بمباری سے ہوا جس میں مزید3 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔ ادھر سلامتی کونسل میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کی قرار داد امریکہ نے غیر متوازن قرار دے کر مسترد کردی ۔اسرائیل نے سال2008 کے اختتام پر نہتے فلسطینیوں کے خلاف جس جارحیت کا آغاز کیا تھا اس کا سلسلہ سالِ نو کے آغاز پر بھی جاری رہا ۔

نئے سال کے پہلے دن غزہ میں بمباری سے مزید دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔ اس طرح چھ روز کے دوران 400 فلسطینی اسرائیلی درندگی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور ہزاروں افراد زخمی ہیں۔اسرائیلی طیاروں نے کئی سرکاری عمارتوں پر بھی بمباری کی جبکہ ایک اور مسجد بھی شہید کردی ۔ اسرائیل نے غزہ سرحد پر مزید فوجی اور درجنوں ٹینک بھیج دیئے ہیں اور زمینی کارروائی کی تیاریاں تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر نیو یارک میں عرب ملکوں کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا ۔لیبیا نے اجلاس میں عرب لیگ کے بائیس ممالک کی طرف سے قرار داد کا مسودہ پیش کیا جس میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی اور فوری طور پر بمباری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ تاہم امریکا ، برطانیہ اور بعض دیگر مغربی ممالک نے قرار داد کا مسودہ غیر متوازن اور یکطرفہ قرار دے کر مسترد کردیا ،جس کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس رائے شماری کے بغیر ملتوی کردیا گیا۔ سفارت کاروں کاکہناہے کہ قرار داد میں ترامیم کے لئے آنے والے دنوں میں بات چیت کاسلسلہ جاری رہے گا ۔