جمہوریت پسندوں کے درمیان اختلافات سے غیر جمہوری قوتوں کوفائدہ پہنچتا ہے؛ مسلم لیگ نوازکے قائد نواز شریف کاواشنگٹن پوسٹ میں مضمون

منگل 1 جنوری 2008 16:09

واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (نواز) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک صرف صدر مشرف کے غیر قانونی اقدامات کی سزا بھگت رہا ہے۔یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔ یہ بات انہوں نے اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (نواز) کے قائد نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک میں پھیلی بے چینی اور اضطرابی کیفیت بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے اور بے نظیر بھٹو نے اپنی جلا وطنی کی زندگی میں اس بات کو محسوس کیا کہ جمہوریت پسندوں کے درمیان اختلافات سے غیر جمہوری قوتوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔

ہم دونوں نے باہمی مشاورت سے یہ طے کیا تھا کہ آئندہ اسٹیبلشمنٹ کو گندی سیاست کا کھیل کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (نواز) اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات بھی رہے اور اتفاقات بھی لیکن ہم نے یہ طے کیاہےکہ پاکستان کو موجودہ بحران سے ضرور نکالیں گے۔انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے ان کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔