وکلاء عدلیہ کی بحالی اور آزادی کیساتھ ساتھ اب بینظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بھی جدوجہد کریں ۔ اعتزاز احسن

منگل 1 جنوری 2008 15:27

لاہور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وکلاء عدلیہ کی بحالی اور آزادی کیساتھ ساتھ اب بینظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بھی جدوجہد کریں ۔بینظیر بھٹو کی شہادت کے ذمہ دار حکمران اور انکے حواری ہیں ‘ قوم کیساتھ ملکر خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لینگے ۔

افتخار محمد چوہدری سمیت پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججز کی بحالی کی تحریک اب مزید تیز ہو گی ۔وکلاء کے نام اپنے پیغام میں اعتزاز احسن نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے وفاق کو سخت خطرات لاحق ہو چکے ہیں ‘پرویز مشرف فوری مستعفی ہو جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سانحے کی انکوائری کے نام پر ڈرامے کر رہی ہے اور اس کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

قوم جان چکی ہے کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے ذمہ دار کون لوگ ہیں اور بہت جلد یہ قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تک امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی جب تک عدلیہ بحال اور رپویز مشرف مستعفی نہیں ہو جاتے ‘ وکلاء عدلیہ کی بحالی اور آزادی کیساتھ ساتھ اب بینظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بھی جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے اور رہتی دنیا تک اس کا نام رہے گا ۔ا بینظیر بھٹو کی شہادت کی انکوائری اس وقت شفاف نہیں ہو سکتی جب تک اس پر پیپلز پارٹی او ر قوم کو اعتماد حاصل نہ ہو ۔ حکومت قاتلوں کے بچانے کیلئے انکوائری کے نام ڈرامے کر رہی ہے ۔