کرم ایجنسی میں جھڑپیں،مزید2 افراد ہلاک‘ جنوبی وزیرستان میں 4 سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا

منگل 1 جنوری 2008 14:55

پارہ چنار(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008) کرم ایجنسی میں جھڑپوں کے دوران مزید دو افراد ہلاک کردیئے گئے ہیں۔کرم ایجنسی میں قبائل کے درمیان جھڑپیں گیارویں روز بھی جاری ہیں، جن میں مقامی قبائل کے علاوہ وزیرستان اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے شدت پسندبھی حصہ لے رہے ہیں۔ دونوں جانب سے مارٹر ،میزائل ،راکٹ اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیاجارہا ہے۔

اس دوران گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔پیر کی صبح جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

16 نومبر سے اب تک تین سو افراد ہلاک اور چھ سو پچاس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ پاراچنار میں 16 نومبر سے کرفیو نافذ ہے۔شدید سردی کے باعث امراض پھیل رہے ہیں اوربالش خیل سے سمیرنقل مکانی کرنے والے دو بچے سردی کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ ادھرپولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ ہنگو سے آئے ہوئے امن جرگہ ارکان نے فریقین سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں ۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق منگل کے روز مقا می شرپسندوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا سے دیر سکاؤٹس کے چار اہلکاروں کو اغوا کر لیا ہے ۔واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کے خلاف جوابی کاروائی کی جس کے بعد شرپسندوں کے جانب سے بھی بھاری ہتھیاروں سے مزاحمت کی اطلاعات ہیں ۔