عوام کے دکھوں کا مداوہ بروقت انتخابات ہیں۔آصف زرداری

منگل 1 جنوری 2008 14:55

نوڈیرو(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 )پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سانحہ راولپنڈی کے بعد قوم کے دکھوں کا مداوہ کرنے کیلئے انتخابات جلدازجلد کرانے کا مطالبہ کردیا،نوڈیرو میں غیرملکی خبررساں ادارے کوانٹرویودیتے ہوئے آصف زرداری نے کہاکہ حکومت بیوروکریٹس یاسیاستدانوں کے پاس عوام کا غم کم کرنے کا کوئی علاج نہیں،آزاد اورشفاف انتخابات کے بروقت انعقاد سے ہی سانحہ راولپنڈی کا مداوہ ہوسکتا ہے، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے بینظیربھٹو کے پوسٹ مارٹم کی حکومتی درخواست مسترد کرنے کی تصدیق کی، انہوں نے کہاکہ جب ٹی وی فوٹیج میں سب کچھ واضح ہے تو پھر پوسٹ مارٹم کی کیا ضرورت ہے، آصف زرداری نے کہاکہ انہیں حکومت کی تحقیقات پراعتماد نہیں اس لئے پیپلزپارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تحت بینظیربھٹو کی تحقیقات کی جائیں۔