بیرسٹر سلطان کا آصف زرداری اور بلاول سے بے نظیر بھٹو کی شہادت پر اظہار تعزیت۔محترمہ کی شہادت سے نہ صرف پاکستانی بلکہ دونوں اطراف کے کشمیری بھی سوگوار ہیں‘بیرسٹر سلطان

منگل 1 جنوری 2008 14:49

لاڑکانہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و جموں و کشمیر پی ایم ایل کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے بھٹو ہاؤس میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر تعزیت کی- اس موقع پر آصف علی زرداری سے علیحدگی میں آدھ گھنٹہ ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان سے انتہائی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے موجودہ حالات کو ایک چیلنج قرا ردیا بعد ازاں انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی‘ فیصل آباد سے سابق ممبر قومی اسمبلی شاہد نذیر سینیٹر لطیف کھوسہ کے بیٹے بلخ شیر کھوسہ بھی ان کے ہمراہ تھے-بعد ازاں بھٹو ہاؤس میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ایک بہت بڑا المیہ ہے- آج نہ صرف سارا پاکستان سوگوار ہے بلکہ دونوں اطراف کے کشمیری بھی وہی درد رکھتے ہیں جو کہ پاکستانی عوام- انہوں نے اس موقع پر بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ بات قوم تک آنی چاہئے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے پیچھے کون سے ہاتھ اور مکروہ عزائم کارفرما تھے انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں تک پہنچا جا سکے گا بلکہ جو ملک کو توڑنے کے در پردہ عناصر ہیں وہ بھی بے نقاب ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت از بس ضروری ہے تاکہ ملک کو جمہوریت اور استحکام کی طرف لایا جائے کیونکہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہو گا اس وقت تک معاشی بہتری نہیں آ سکے گی کیونکہ معاشی استحکام سیاسی حالات پرمنحصر ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری ہونے کے ناطے بھی بھی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں محترمہ کی شہادت کے سانحہ سے مسئلہ کشمیر کو دھچکا لگا ہے بلکہ آر پار کے کشمیری خون کے آنسو روتے ہوئے سراپا احتجاج ہیں -

متعلقہ عنوان :