محتسب پنجاب کے حکم پرپنجاب یونیورسٹی نے ایم اے انگلش کی امیدوار کو پاس رزلٹ کارڈ جاری کر دیا

منگل 1 جنوری 2008 14:14

لاہور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) محتسب پنجاب عبدالرشیدخاں کے حکم پرپنجاب یونیورسٹی نے ایم اے ، انگلش کی امیدوار کو پاس رزلٹ کارڈ جاری کر دیا جسے قبل ازیں یونیورسٹی نے امتحان کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے روک لیاتھا۔تفصیلات کے مطابق ،امیدوار عاصمہ نورین نے محتسب سیکرٹریٹ کو اپنی شکایت میں بتایا کہ وہ ایم اے انگلش پارٹ II سالانہ امتحان 2006 میں رول نمبر 003797 ،کے تحت دو مضامین کے پر چہ II اور IV کی کمپارٹمنٹ کلیئر کرنے کے لئے شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

تاہم گزٹ نوٹیفکیشن میں اُس کا نتیجہ \"R.L. Previous Part\" شائع کیا گیا۔ یونیورسٹی سے رابطہ کرنے پرشکایت کنندہ کوسابقہ رزلٹ کارڈ مہیا کرنے کے لئے کہاگیا۔ جب مذکورہ رزلٹ کارڈ پیش کیا گیا تو بتایا گیا کہ وہ سالانہ امتحان 2006 میں شرکت کی اہل نہیں تھی کیونکہ اُس کا آخری چانس سالانہ امتحان 2004 بنتا تھا، لہذا رزلٹ کارڈ جاری نہیں ہو سکتا۔ اپنی تعمیلی رپورٹ میں ،کنٹرولر امتحانات ، پنجاب یونیورسٹی نے محتسب سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا کہ محتسب پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں شکایت کنندہ عاصمہ نورین کو سالانہ امتحان 2006 ، ایم اے ، انگلش پارٹ ٹو کاپاس رزلٹ کارڈ جاری کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :