بینظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب کیلئے صوبائی سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی کی تقریب کا انعقاد۔ بینظیر کے قتل کا بدلہ عوام اور کارکن انتخابی عمل میں تیروں پرمہریں لگا کر لینگے۔پیپلز پارٹی

منگل 1 جنوری 2008 14:14

لاہور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب کیلئے گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب صوبائی سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر دعائے مغفرت کے بعد اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کا بے نظیر بھٹو کا خواب پورا کرنے کیلئے جدوجہد کو آگے بڑھایاجائے گا ۔

(جاری ہے)

عبد القادر شاہین نے کہا کہ حقائق چھپانے کی جو کوشش کی گئی ہے اس سے قاتل از خود اپنے عمل سے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے بینظیر قیادت کے قتل کی تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تحقیقات بین الاقوامی ٹیم سے کرائی جائیں ۔ حفیظ ملک نے کہا کہ بینظیر قیادت کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘ مشن کی تکمیل کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ محمد اقبال سیالوی نے کہا کہ بی بی زندہ ہے ‘ قاتل لیگ دفن ہو چکی ہے اب ہر جگہ عوامی تیر چلے گا ۔ بینظیر کے قتل کا بدلہ عوام اور کارکن انتخابی عمل میں تیروں پرمہریں لگا کر لیں گے ۔ مولانا محمد یوسف اعوان نے ختم قرآن کے بعد دعا کرائی اوربعد ازاں لنگر تقسیم کیا گیا ۔