8جنوری کے انتخابات،الیکشن کمیشن کل حتمی فیصلہ کرے گا۔صوبوں نے محرم کے بعدالیکشن کی تجویز دی ہے،سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اعلان کرینگے۔ کنوردلشاد

منگل 1 جنوری 2008 13:05

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا حتمی اعلان تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کل کیا جائے گا، بینظیربھٹو کی شہادت کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا غیر معمولی اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر قاضی محمد فاروق کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب اوربلوچستان الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سمیت الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام موجود تھے، اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے باہرتفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشا د نے کہا کہ چاروں صوبوں سے امن وامان کی صورتحال کے متعلق رپورٹس مل گئی ہیں جن میں محرم کے بعد انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی ہے کیونکہ بینظیربھٹو کی شہادت کے بعد پھوٹنے والے ہنگاموں میں الیکشن کمیشن کے 13دفاتر جلائے گئے ہیں اور مجموعی طورپر انتخابی مرحلے میں کافی رکاوٹیں درپیش ہیں لیکن انتخابات کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کیاجائے گا وہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیاجائے گا اور8جنوری کے انتخابات کی قسمت سے متعلق حتمی فیصلہ کل کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

آج ہونے والے اجلاس میں محرم اورانتخابات کے لئے امن وامان کی صورتحا ل کا جائزہ لیا گیا،انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس میں امن وامان کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے صوبائی حکومتوں کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ اگر الیکشن کوکچھ عرصہ کیلئے ملتوی کردیاجائے تو بہتر ہوگا، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ ہم نے انتخابات ملتوی کرنے کالفظ استعمال نہیں کیا،ذاتی طورپر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے،اجلاس میں چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈقاضی محمد فاروق ،سیکرٹری الیکشن کمیشن کنوردلشاد، ممبران احمدلاشاری ،جسٹس ریٹائرڈ نسیم سکندر اوردیگر حکام نے شرکت کی۔