صومالیہ میں خانہ جنگی سے سال2007کے دوران6ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے

منگل 1 جنوری 2008 12:04

موغادیشو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں سال 2007 کے دوران چھ ہزار 501 افراد ہلاک اور 8516 زخمی ہوئے۔ انسانی حقوق کی ایک مقامی تنظیم ایلمان پیس کے مطابق ان کے پاس اسلام پسند حکومت گرائے جانے کے بعدسے لے کر اب تک بے گھر ہونے والے 15لاکھ افراد کا ریکارڈ موجود ہے۔تنظیم کے چیئرمین سوڈان علی احمد نے الزام عائد کیا کہ ایتھوپیاکی فوج نے شہریوں کے قتل میں عبوری صومالی حکومت کی معاون رہی ہے۔

اکثر شہری ایتھوپیاکی افواج اور اسلام پسندوں کے درمیان فائرنگ کی زد میں ہلاک ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوڈان علی احمد نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ صومالیہ میں مداخلت کرتے ہوئے ایتھوپیاکی افواج کے یہاں سے نکلنے میں مدد کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ ایتھوپیاکی افواج کی صومالیہ میں قیام میں مدد کر رہا ہے ۔ دریں اثناء تشدد کی تازہ کاروائیوں میں اتوار کے روز ایک مارٹر حملے میں پناہ گزیں کیمپ میں مقیم ایک خاندان کے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ حملہ آوروں نے شہر کے جنوب میں تعینات یوگینڈا اور برونڈی کی افواج پر بھی حملے کئے۔ افریقی امن افواج کے ترجمان کیپٹن پیڈی انلونڈا کے مطابق حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :