مستحکم پاکستان ہی کشمیر کے مفاد میں ہے۔میر واعظ عمر فاروق

منگل 1 جنوری 2008 12:03

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) مستحکم پاکستان کشمیری عوام کے وسیع تر مفادات کے لئے ناگزیر ہے اور مضبوط پاکستان امت مسلمہ کے لئے بھی سود مند ثابت ہوگا۔ان باتوں کا اظہار حریت کانفرنس ع کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے آج حریت مجلس عاملہ ،جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے سفاکانہ قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خاتون مشرق کا خون پاکستان میں گلستان جمہوریت کو لالہ زار بنانے پر منتج ہوگا اور پاکستانی عوام و سیاسی قائدین پاکستان کی سالمیت اوراستحکام کے لئے اور بھی مخلص ہوجائیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام نہ صرف پاکستانی اور کشمیری عوام کے وسیع تر مفادات کے لئے ناگزیر ہے بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے بھی یہ ایک ناگزیر عمل ہے ۔ اجلاس میں پاکستان کے لئے بھٹو خاندان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔