بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزوراورغیرمستحکم کرنے کی سازشیں کررہی ہیں ‘سید علی شاہ گیلانی

منگل 1 جنوری 2008 12:03

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) کل جماعتی حریت کانفرنس( گ) کے چیرمین سید علی شاہ گیلانی نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات کی ہے جس کے دوران انہوں نے بنت مشرق اورپاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل پر تعزیتی پیغام درج کیا ۔ حریت کانفرنس چیرمین سید علی شاہ گیلانی جو پچھلے کئی روز سے نئی دلی میں مقیم ہیں ،گزشتہ روز نئی دلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک اور ڈپٹی ہائی کمشنر افراسیاب کے ساتھ اڑھائی گھنٹے تک کی طویل ملاقات کی ۔

اس موقعے پر ہائی کمیشن کا عملہ بھی وہاں موجود تھا ۔ ذرائع کے مطابق سیدعلی شاہ گیلانی نے پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

اس موقعے پرگیلانی نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے سلسلہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنا تعزیتی پیغام تحریری طور پر درج کیا۔

ملاقات کے دوران گیلانی نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کررہی ہیں اور میرا پاکستانی لیڈرشپ کو یہ مشورہ ہے کہ وہ اپنے ملک کو بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھنے کے لئے متحد ہوجائیں ۔ ساتھ ہی ساتھ پاکستانی حکومت بیرونی طاقتوں کی آلہ کار بننے سے خود کو بچالے۔

علی گیلانی نے پاکستانی ہائی کمشنر پر واضح کیا کہ پاکستان کے غیر مستحکم ہونے سے امت مسلمہ کو نئے چلینج درپیش ہوں گے ،اس لئے مجموعی طور پر پاکستان میں استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سید علی شاہ گیلانی نے بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو مسلسل ان کے پیدائشی حق سے محروم رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں اس کی ضد اور ہٹ دھرمی بنیادی رکاوٹ بن رہا ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حق خود ارادیت ہمارا نعرہ ہے اور کشمیری عوام اس نعرے سے کسی بھی صورت میں اپنا دامن چھڑانے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں جاری تحریک کے دوران کشمیریوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں ۔ علی گیلانی نے کہا کہ ہم قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور قربانیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ سودے بازی کے مترادف ہوگی ۔

اس موقعے پر سید علی شاہ گیلانی نے پاکستانی ہائی کمشنر سے کہا کہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان بھی مسئلہ کشمیر حل کے سلسلے میں کشمیری عوام کی خواہشات کو نظر انداز کرتا ہے تو کشمیری عوام اس کے خلاف بھی مزاحمت کرے گی کیونکہ ایسا کوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہوگا جس میں کشمیریوں کی امنگیں نظر انداز کی جائیں۔