حب، میر جام محمد یوسف نے اپنے حلقہ انتخاب میں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

منگل 18 دسمبر 2007 22:14

حب ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2007ء) مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام محمد یوسف نے اپنے حلقہ انتخاب میں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا منگل کو جب وہ اپنے حلقہ انتخاب پہنچے تو ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور انہیں شہر میں ایک بڑے جلوس کی صورت میں لایا گیا حب میں اپنے مرکزی انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر جام یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہی پاکستان کو بچانے اور ملکی سالمیت کیلئے سر گرم عمل ہے عوام الیکشن میں ملک توڑنے اور ان کا ساتھ دینے والوں کا گریبان پکڑیں اور احتساب کریں بینظیر بھٹو کو دھاندلی اور سول وار کی سیاست ورثے میں اس لئے وہ الیکشن سے قبل دھاندلی کی باتیں کر کے ملک کو ایک بار پھر 1971جیسے حالات میں دو چار کرنا چاہتی ہیں میر جام یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ ق ملک دشمن عناصر گروہوں اور انتہاء پسندوں کے سامنے دیوار ہے انشاء اللہ جب تک ایک بھی لیگی کارکن زندہ ہے اس ملک کو کچھ نہیں ہو سکتا اور مسلم لیگ پاکستان کی بانی جماعت ہے اور ہم ہی اس کی رکھوالی کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ اپنا اچھا برا اچھی طرح سمجھتے ہیں وہ انتخابات میں ترقی مخالف عناصر کو اس طرح مسترد کر دیں کہ وہ آئندہ انہیں ورغلا نے کیلئے نہ آ سکیں پاکستان خصوصا بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور ہم اس ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینگے عوام طاقت کا سر چشمہ ہیں اور عوام صوبے میں جاری ترقی و خوشحالی کا تسلسل چاہتے ہیں لہذا وہ آٹھ جنوری کو مسلم لیگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر ملک دشمن ترقی مخالف اور مفاد پرستوں کو مسترد کر دیں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی کامیابی صدر مشرف کی کامیابی ہے آج پاکستان کا وقار عالمی دنیا میں انتہائی بلند ہے جبکہ اقتصادی اور معاشی لحاظ سے بھی پاکستان کو خطے میں نمایاں حیثیت حاصل ہے اور یہ سب کچھ صدر مشرف کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ممکن ہوا ہے بلوچستان کے عوام کو صدر مشرف کا انتہائی شکر گزار ہونا چاہئے کہ آج ہمارے صوبے میں کھربوں روپے کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں سڑکیں اور ڈیمز بڑی تعداد میں بن رہے ہیں جس سے انشاء اللہ صوبے میں انقلابی تبدیلی ہوگی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آٹھ جنوری کو مسلم لیگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ملک میں ترقی و خوشحالی کا تسلسل برقرار رہے۔

متعلقہ عنوان :