سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید عبداللہ شاہ طویل عرصے کی علالت کے بعد مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔تفصیلی خبر

ہفتہ 14 اپریل 2007 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2007ء ) سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید عبداللہ شاہ طویل عرصے کی علالت کے بعد مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ کافی عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ سید عبداللہ شاہ سینئر پارلیمنٹرین تھے۔ سیاسی طور پر وہ پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے اور جماعت کے بنیادی اراکین میں سے تھے۔ 1993ء میں انہوں نے سندھ کے 24 ویں وزیراعلیٰ کا حلف لیا اور 1996ء تک اس عہدہ پر فائز رہے۔

عبداللہ شاہ بینظیر بھٹو حکومت کی برطرفی کے فروری 1997ء میں بیرون ملک چلے گئے تھے جہاں وہ 10 سال سے زائد عرصے تک خود ساختہ جلاوطنی میں رہے اور مارچ کے وسط میں واپس پاکستان پہنچے۔ نواز شریف کے دور حکومت میں ان پر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے 1300 سے زائد ریفرنس دائر کیے گئے تھے وطن واپسی پر انہوں نے ان سب ریفرنسز میں سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کرائی تھی اور عدالت نے انہیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا تھا انہیں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے مقدمے میں بھی مفرور قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے سید عبداللہ شاہ سندھ کے وزیراعلیٰ تھے انہی کے دور حکومت میں متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف آپریشنک یا گیا اسی عرصے میں ان کے ایک بھائی کو کراچی میں قتل بھی کیا گیا تھا۔ عبداللہ شاہ کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے تھا ان کی آخری رسومات آج (اتوار) آبائی گاؤں واہڑ میں ادا کی جائے گی۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی آخری خواہش تھی کہ زندگی کے آخری ایام اپنے وطن میں گزاریں۔

متعلقہ عنوان :