گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان قائداعظم محمد علی جناح کی رشتہ کی نواسی خورشید بیگم کے گھر پہنچ گئے

بدھ 3 جنوری 2007 19:58

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنور ی 2007ء ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان گزشتہ روز صبح قائداعظم محمد علی جناح کی رشتہ کی نواسی خورشید بیگم کے گھر گئے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انہیں اور ان کے دیگر اہل خانہ کو عید کی مبارکباد دی۔ گورنر سندھ باغ جناح سے عید کی نماز ادا کرکے بغیر کسی پروگرام اور سیکورٹی انتظامات کے جہانگیر روڈ میں خورشید بیگم کے گھر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی میں موجود قائداعظم کے رشتہ داروں سے ملک کی کسی اہم شخصیت نے گنجان آباد علاقہ میں ان کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی ڈاکٹر عشرت العباد خان کافی دیر تک خورشید بیگم اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ رہے۔ اس موقع پر انہوں نے کسمپرسی دیکھتے ہوئے محسن بھوپالی کا مشہور شعر پڑھا۔ نیرنگی سیاست دوراں تو دیکھئے منزل انہیں ملی جو ہم سفر نہ تھے گورنر سندھ نے خورشید بیگم کے گھر کا معائنہ کیا اور کسمپرسی کی حالت دیکھ کر رنجیدہ ہوگئے۔ گورنر نے خورشید بیگم اور ان کے اہل خانہ کے لئے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے خورشید بیگم کے اہل خانہ کیلئے چار ملازمتیں اور رہائش کیلئے مکان کا انتظام کرنے کا بھی اعلان کیا۔