جماعت الدعوة نے عید کے تین دنوں میں 60 ہزار سے زائد خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا ہے. ترجمان

بدھ 3 جنوری 2007 16:12

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) جماعت الدعوة پاکستا کے ترجمان نے کہا ہے کہ جماعت الدعوة نے عید کے تین دنوں میں 60 ہزار سے زائد خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا ہے۔متاثرہ علاقوں میں ہزاروں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ بیسیوں مقامات پر ذبح خانے قائم کئے گئے ، چار کنٹرول روم بنائے گئے تھے،ہزاروں خاندانوں تک ایک ماہ کا خشک راشن بھی پہنچایا گیا۔

ورثاء شہداء ، جیلوں اور ملک بھر میں غرباء و مساکین میں بھی گوشت تقسیم کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق جماعت الدعوة پاکستان اور اس کے ادارہ خدمت خلق کے زیر اہتمام عید الاضحی کے موقع پر متاثرین زلزلہ کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے ہزاروں قربانیاں کی گئیں جن کا گوشت زلزلہ متاثرین کے گھروں میں پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

جماعت الدعوة کے امدادی رضا کار 6 ہزار فٹ بلند پہاڑوں پر بھی پہنچے اور گھر گھر جاکر گوشت کے پیکٹ تقسیم کرتے رہے۔

جماعت الدعوة کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں بیسیوں ذبح خانے اور مظفر آباد ، باغ ، بالاکوٹ اور مانسہرہ میں چار کنٹرول روم قائم کئے گئے تھے جہاں سے متعلقہ علاقوں میں گوشت کی تقسیم اور جانوروں کی قربانی کیلئے ٹیمیں روانہ کی جاتی رہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ زلزلہ زدہ علاقوں میں گائے ، بیل اور چھوٹے گوشت کے جانوروں کے علاوہ اونٹوں کی بھی پہاڑی علاقوں میں قربانی کی گئی اور شوائی نالہ مظفر آباد میں اونٹ پہنچنے پر مقامی لوگوں کی طرف سے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ۔

جماعت الدعوة کے ترجمان نے بتایا کہ دور دراز سے لوگ جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے اونٹ کو قربان ہوتا دیکھنے کیلئے آتے رہے۔ حافظ محمد سعید کی ہدایات پر مختلف علاقوں سے جماعت الدعوة کے کارکنان کو بڑی تعداد میں زلزلہ زدہ علاقوں میں بھجوایا گیا جنہوں نے تین دن تک گوشت کی تقسیم کی اور آج چوتھے روز گوشت تقسیم کرکے وہ واپس علاقوں کیلئے روانہ ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق جماعت الدعوة کی طرف سے گوشت کی تقسیم کے علاوہ اس عید پر بھی متاثرین زلزلہ کیلئے خشک خوراک کا انتظام کیا گیا ،ہزاروں خاندانوں تک ایک ماہ کا راشن پہنچایا گیا۔ اس مقصد کیلئے بنائے گئے ہر پیکٹ میں آٹا، چاول ، دالیں، چینی ، چائے کی پتی ، نمک اور دیاسلائی جیسے آئٹم شامل ہیں۔ کئی علاقوں میں بستر اور گرم کمبل بھی تقسیم کئے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے این جی اوز کی اکثریت واپس جاچکی ہے صرف جماعت الدعوة اور دیگر بعض اسلامی فلاحی ادارے لوگوں کی خدمت کیلئے موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :