کشمیر ،زلزلہ متاثرہ ودیگرعلاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

بدھ 3 جنوری 2007 15:49

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ،شمالی علاقہ جات ،زلزلے سے متاثرہ علاقے اور شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ آیندہ چند روز کے دوران ان علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ دو روز سے کشمیر ،شمالی علاقہ جات ،زلزلے سے متاثرہ علاقے اور شمالی بلوچستان کے اکثر علاقے سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔

جس کے باعث ان علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

(جاری ہے)

کالام میں درجہ حرارت منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ،اسکردو میں منفی دس ،قلات اور پارہ چنار میں منفی آٹھ ،کوئٹہ اور مالم جبہ میں منفی سات ،گلگت منفی چار ،مری ،ڑوب ،راولاکوٹ ،اور چترال میں منفی دو جب کہ دالبدین اور ایبٹ آباد میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم سردی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔دوسری طرف پنجاب کے میدانی علاقوں سرگودھا ،شورکوٹ ،ملتان،فیصل آباد ،سیالکوٹ،ساہیوال اور راولاکوٹ میں دھند بتدریج کم ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :