سی بی آر نے نئی ٹیکس اصلاحات کے پلان کو حتمی شکل دیدی.نئی اصلاحات کے بارے میں صدر مشرف کو جلد بریفنگ دی جائے گی .ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرکے زرعی سیکٹر کو شامل کیا جائے گا

بدھ 3 جنوری 2007 14:46

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) سنٹرل بورڈ آف ریونیو نے ملک میں نئی ٹیکس اصلاحات متعارف کروانے کے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے بارے میں صدر جنرل پرویز مشرف کو رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں بریفنگ دی جائے گی جبکہ نئے پلان کے تحت بجٹ 2007-08ء کی تیاری میں مدد ملے گی اور اس میں سی بی آر کے اہداف ایک ہزار ارب مقرر کئے جائیں گے۔

باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ سنٹرل بورڈ آف ریونیو نے ملک میں نئی ٹیکس اصلاحات متعارف کروانے کے پلان کو حتمی شکل دی ہے جس کے تحت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا اور زرعی سیکٹر کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ دیگر سیکٹرز جہاں سے محصولات کی مد میں اضافہ متقع ہے ان پر بھی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا تاہم برآمدات کو بڑھانے کے لئے کئی سکٹرز کو ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی بجٹ 2007-08ء تیار کیا جائے گا اور اس میں سی بی آر کے حوالے سے محصولات کا ہدف ایک ہزار ارب (دس کھرب) روپے رکھا جائے گا جس سے بجٹ میں مالی خسارے میں واضح کمی واقع ہونے کی توقع ہے۔ پلان کے مطابق سی بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز بھی دی گئی ہیں جس کے تحت مذکورہ ادارے میں سیاسی اثر و رسوخ کی بنا پر ٹرانسفرز کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات پر زور دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق سنٹرل بورڈ آف ریونیو کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چیئرمین عبدالله یوسف کی سربراہی میں رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں صدر جنرل پرویز مشرف کو مذکورہ پلان کے بارے میں جامع بریفنگ دے گا اور اس پلان و تجاویز کی روشنی میں ہی آئندہ مالی سال کے بارے میں حکمت عملی تیار کی جائے گی۔