بھارت‘ ہندوؤں کے مقدس کمبھ میلے کا آغاز

بدھ 3 جنوری 2007 14:08

نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) بھارت میں ہندوؤں کے مشہور تہوار کمبھ میلے کا آغاز ہو گیا ہے جس دوران لاکھوں ہندو گناہوں سے پاک ہونے کے لیے گنگا میں نہائیں گے۔ بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوؤں کا مقدس میلا شمالی ہندوستان کے شہر الہ آباد میں تین دریاوٴں گنگا جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر ہو رہا ہے جو چھ ہفتے تک جاری رہے گا۔

میلا ہر چھ سال بعد ہوتا ہے۔میلے میں آنے والے شرکا کے لیے ہزاروں خیمے لگائے گئے ہیں۔جب کہ حفاظت کے لیے پچاس ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔میلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح مجمع کو کنٹرول کرنا ہے اور توقع ہے کہ میلے میں ایک کروڑ سے زائد افراد شر کت کریں گے۔ہندووٴں کے عقیدے کے مطابق ان دریاوٴں کے سنگم پر نہانے سے ان کے گناہ دھْل جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہندو عقائد کے مطابق دیوتاوٴں اور بدی کی قوتوں کے درمیان آسمانوں میں مقدس پانی کے ایک برتن کے لیے لڑائی ہوئی تھی اور الہ آباد ان چار شہروں میں سے ایک ہے جہاں اس لڑائی کے دوران برتن میں سے مقدس پانی کے قطرے گرے تھے۔ میلے میں شرکت کے لیے ہندو سادھو اپنے اوپر راکھ مل کر، بغیر لباس کے یا نارنجی رنگ کے کپڑوں میں شرکت کرتے ہیں۔ بیروں ملک سے بھی بڑی تعداد میں ہندو میلے میں شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :