نوازشریف کے خط پر مشورہ‘ مصطفی جتوئی نے پارٹی اجلاس طلب کرلیا

بدھ 3 جنوری 2007 13:58

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) سابق وزیراعظم اور نیشنل پیپلزپارٹی کے سربراہ غلام مصطفی جتوئی نے نواز شریف کے خط پر مشور کے کیلئے اپنی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میاں نوازشریف کی طرف سے یہ خط پیر کی شام کو مسلم لیگ(ن) کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے نیشنل پیپلزپارٹی کے سربراہ غلام مصطفی جتوئی سے ان کی رہائش پر ملاقات کرکے ان کے حوالے کیا۔

واضح رہے کہ یہ خط 5 بنیادی نوعیت کے مطالبات کی حمایت حاصل کرنے کے سلسلے میں لکھا گیا ہے جس میں آئین و جمہوریت کی بحالی اور پارلیمنٹ کی بالادستی، آزاد وخودمختار الیکشن کمیشن کا قیام، جنرل پرویز مشرف کے بغیر عام انتخابات کا انعقاد، آزاد اور بے خوف عدلیہ، جلاوطن قیادت کی وطن واپسی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے خطوط لکھ کر قومی رہنماوٴں اور دیگر شخصیات سے ان نکات پر تجاویز بھی طلب کی ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک آل پارٹیز کانفرنس لندن میں طلب کی جائے گی۔

غلام مصطفی جتوئی نے ملاقات کے دوران مثبت جواب دیا اور انہوں نے میاں نوازشریف کے نام خیرسگالی کا پیغام بھی دیا ہے۔ سردار رحیم نے کہا کہ نوازشریف کا مشن ہے اب ملک سے اس سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبوں کے درمیان پیدا ہونے والی نفرتوں کو ختم کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کا مشن حصول اقتدار نہیں بلکہ وطن عزیز کی سلامتی وبقا اور قومی خوشحالی ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف کے خط میں درج5 نکاتی ایجنڈے پر غوروخوض کے لیے غلام مصطفی جتوئی نے فوری طور پر اپنی پارٹی کے سرگرم رہنماوٴں سے مشاورت شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :