بم دھماکوں کا الزام غلط ہے‘ عوام کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا . معزول تھائی وزیراعظم

بدھ 3 جنوری 2007 13:50

بنکاک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) تھائی لینڈ کے معزول وزیراعظم تھاکسن شناوترانے نئے سال کے آغاز پر ہو نے والے بم دھماکوں سے تعلق کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کو نقصان پہنچانے کے بارے سوچ بھی نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز چین کے دارالحکومت بیجنگ سے جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ تھائی عوام کی خوشیوں کو برباد کر نے کا سوچ بھی نہیں سکتے،اور سیاسی اہداف کے حصول کے لئے ساکھ متاثر نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ تھائی لینڈ کی حکومت نے حالیہ بم دھماکوں میں ان سیاستدانوں کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا جن کی گزشتہ بر س حکومت برطرف کی گئی تھی۔تھائی لینڈ میں نئے سال کے آغاز پر ہونے والے بم دھماکوں میں 3 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے تھے۔