میری زندگی پر بننے والی فلم میں شاہ رخ‘ عامر یا سلمان خان کردار ادا کریں. ابو سالم

بدھ 3 جنوری 2007 13:21

ممبئی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03جنوری2007 ) ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم کی خواہش ہے کہ انکی زندگی پر بننے والی فلم ”ڈان “کا کردار شاہ رخ خان‘ عامر یا سلمان خان ادا کریں ۔ یہ فلم ابو سالم کے وکیل اشوک سروگی کی شریک حیات سرلا سراؤگی بنا رہی ہے ۔ سرلا نے بتایا کہ ابو سالم نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر انکی زندگی پر فلم بنتی ہے تو پھر ان کا کردار تینوں میں سے کسی ایک خان کو ادا کرنا چاہیے ۔

ابو سالم اس فلم کیلئے ذہنی طور پر تیار ہو چکے ہیں اور یہ فلم پرتگال اور دیگر ممالک میں شوٹ کی جائے گی ۔ سروگی اس سلسلہ میں امریکہ اور سوئزر لینڈ حکومتوں کی جانب سے شوٹنگ شیڈول کے منظوری ہونے کی منتظر ہیں ۔ سرلا نے بتایا کہ خود ابو سالم بھی اداکاری کیلئے تیار ہیں اور اس سلسلہ میں عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سروگی نے اس سوال پر کہ کون سا خان فلم میں کردار ادا کرے کوئی جواب نہیں دیا ۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فلم 12کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی جائے گی اور اس میں سالم کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے اٹھ کر انڈر ورلڈ ڈان بننے تک کی کہانی پیش کی جائے گی ۔ اس فلم کا کچھ حصہ ابو سالم کے آبائی گھر ٹاؤن ضلع اعظم گڑھ یو پی میں بھی شوٹ کیا جائیگا ۔ فلم کی شوٹنگ کیلئے پرتگال حکومت نے منظوری دیدی ہے جس نے ابو سالم کو ہندوستان کے حوالے کیا تھا تاہم متحدہ عرب امارات نے فلمی یونٹ کو داخلہ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ ابو سالم ممبئی بم دھماکوں کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہو گیا تھا اور وہاں سے اپنا کاروبارجاری رکھے ہوا تھا ۔

متعلقہ عنوان :