کم قیمت لیپ ٹاپ جولائی 2007ء میں صارفین کے پاس پہنچنے کا امکان

بدھ 3 جنوری 2007 12:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنوری2007ء ) ” ایک لیپ ٹاپ فی بچہ “نامی منصوبہ کے تحت بنے لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ جولائی 2007ء میں صارفین کے پاس پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سکیم کے تحت توقع کی جا رہی ہے کہ کم قیمت کمپیوٹر ترقی پذیر ممالک کے لوگوں تک پہنچائے جا سکیں گے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جس نے \'ایک لیپ ٹاپ فی بچہ\' منصوبے کے تحت بنے سستے لیپ ٹاپ خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

معاہدہ کرنے والے دیگر ممالک میں برازیل، ارجنٹینا، یوروگوائے، نائجیریا، لیبیا اور تھائی لینڈ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایکس او کہلانے والے یہ لیپ ٹاپ نکولس نیگرو پونٹے نے متعارف کروائے ہیں جنہوں نے مذکورہ منصوبے کو2004 ء میں امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے ایم آئی ٹی کی ٹیکنالوجی لیب میں پیش کیا تھا۔خیال ہے کہ ٹیسٹ مشینیں فروری میں بچوں تک پہنچنا شروع ہو جائیں گی جو منصوبے کے باقاعدہ آغاز کی طرف ایک قدم ہے۔

نیگروپونٹے نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ہنسی آتی ہے جب لوگ ایکس او کو بیکار مشین کہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بچوں کو اصل مشین ملنی چاہیے، میری بات کا یقین کریں عنقریب میں بھی اپنی اصل مشین کے بدلے ایکس او لینا چاہوں گا۔ یہ کئی لحاظ سے بہت بہتر مشین ثابت ہوگی‘۔