عراق‘صدام حسین کی پھانسی کے خلاف مظاہرے جاری

بدھ 3 جنوری 2007 12:30

بغداد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنوری2007ء )عراق میں سابق صدر صدام حسین کی پھانسی کے خلاف پورے ملک میں مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ برطانوی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق عراق صدر صدام حسین کی پھانسی اوراس کے طریقہ کار کے خلاف پورے ملک میں مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس دوران مظاہرین نے صدام حسین کی تصاویر والے پوسٹر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اتحادی فوج ‘ امریکہ اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ادھر مظاہرین نے شمالی بغداد میں احتجاجی جلوس نکالا اور بعث پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔بغداد کے شمالی علاقے دورا میں سینکڑوں مظاہرین نے صدام حسین کے حق میں جلوس نکالا اور احتجاجی نعرے بلند کئے ۔ جبکہ صدام کے آبائی علاقے تکریت میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس دوران سینکڑوں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس اور فوج نے کارروائی کی جبکہ عراق کے دوسرے علاقوں میں بھی صدام کی پھانسی کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جس دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔