امین فہیم کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں، پیپلزپارٹی حکومت سے رابطے میں ہے، شیخ رشید،آئندہ وزیراعظم کیلئے آفتاب شعبان میرانی مضبوط امیدوار ہونگے،وفاقی زویر ریلوے کی راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2006 21:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر۔2006ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے پیپلزپارٹی سے اعلیٰ سطحی رابطے موجود ہیں اس سلسلے میں امین فہیم کے تردیدی بیانات کی کوئی حیثیت نہیں، ہاں اگر بینظیر تردید کر دیں تو اسے درست تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں حویلی سبحان سنگھ کی ملکیت کے کاغذات فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے سپرد کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ رابطے ہیں جس کی محترمہ بے نظیر بھٹو نے کبھی تردید نہیں کی ہے مخدوم امین فہیم اپنی حرکتوں کی وجہ سے آہستہ آہستہ آؤٹ ہوتے جارہے ہیں آئندہ وزیراعظم کے لئے آفتاب شعبان میرانی مضبوط امیدوار ہوں گے،شہباز شریف،اسحاق ڈار اور چوہدری نثار نے اپنی لائن تبدیل نہ کی تو وہ سیاست سے آؤٹ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بے نظیر بھٹو منقسم مزاج خاندان سے تعلق رکھتی ہیں نواز شریف نے ان کے خلاف جتنے مقدمات قائم کئے اور انتقام کا نشانہ بنایا وہ کبھی نہیں بھولیں گی انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مفادات کیلئے اکٹھی ہوئی ہے وگرنہ ان کا اتحاد کسی صورت بنتا نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بے نظیر کبھی بھی ملاؤں کو تسلیم نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی بھی فاطمہ جناح یونیوسٹی کی امانت ہے وائس چانسلر چاہیں تو مجھ سے وصیت لکھوالیں۔